بہاولنگررپورٹ (عزیز اللّٰہ ساقی)
ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے تھانہ ڈونگا بونگا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست پیش کیں۔کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او محمد عمران نے ہر سائل کی بات نہایت توجہ اور تحمل سے سنی، متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں اور یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز شکایات اور مسائل کو قانون اور میرٹ کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی اور انصاف کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر ڈی پی او بہاولنگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط اعتماد کا رشتہ ہی جرائم کے مؤثر خاتمے اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

