فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں ایکشن سے بھرپور مقابلوں کے بعد ٹورنامنٹ کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔ توقعات کے عین مطابق مضبوط ٹیموں نے اپنے حریفوں کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی ہے، جبکہ کئی ریکارڈز بھی ٹوٹ چکے ہیں۔
ہالینڈ کا جادو: ناروے تاریخ میں پہلی بار راؤنڈ آف 16 میں
ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دلچسپ مقابلے میں ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ ناروے کے سپر اسٹار ایرلنگ ہالینڈ ایک بار پھر ہیرو ثابت ہوئے جنہوں نے 86 ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو پہلی بار ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں پہنچا دیا۔ ہالینڈ اس ورلڈ کپ میں اب تک 5 گول کر چکے ہیں۔ ناروے کا اگلا مقابلہ اب پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل سے ہوگا۔
فرانس کا ریکارڈ ساز سفر جاری
فرانس نے سویڈن کو 0-3 سے یکطرفہ مقابلے کے بعد گھر کی راہ دکھا دی۔ کائلان ایمباپے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کیے، جبکہ تیسرا گول بریڈلی بارکولا نے اسکور کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی فرانس ورلڈ کپ کی تاریخ میں لگاتار پانچ میچوں میں کم از کم 3 گول کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ایمباپے کے ورلڈ کپ کیریئر میں گولز کی تعداد 18 ہو گئی ہے، اور وہ اب لیونل میسی کے عالمی ریکارڈ سے صرف ایک گول کی دوری پر ہیں۔ فرانس اب 5 جولائی کو پیراگوئے کے خلاف میدان میں اترے گی۔
میکسیکو کی 40 سالہ طویل انتظار کے بعد ناک آؤٹ جیت
میزبان میکسیکو نے اپنے شائقین کو مایوس نہیں کیا اور ایکواڈور کو 0-2 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں قدم رکھ دیا۔ جولین کوئونز اور راول جمینیز نے گول کر کے فتح یقینی بنائی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ میکسیکو نے 40 سال بعد ناک آؤٹ مرحلے میں کوئی میچ جیتا ہے۔ ایکواڈور کے لیے یہ میچ ڈراؤنا خواب ثابت ہوا جب پیرو ہنکاپی کو نئے قوانین کی خلاف ورزی (بحث کے دوران چہرہ چھپانے) پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کر دیا گیا۔ اب میکسیکو کا مقابلہ انگلینڈ یا ڈی آر کانگو کے فاتح سے ہوگا۔
ہالینڈ کا تاریخی کمال: ناروے پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل! میکسیکو کا40 سالہ انتظار ختم،ایمباپے کا ریکارڈ توڑ سفر

