دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
دیر بالا: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز () کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری مجرمان اور سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں تھانہ دیر سٹی پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو دوہرے قتل کے مقدمے میں مطلوب خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ آبپارہ اسلام آباد میں مقدمہ علت نمبر 399 مورخہ 18 جون 2026 بجرم دفعات 302/109 PPC درج تھا، جس میں ملزم بلال حسین ولد حاجی محمد حسین سکنہ پھنگالی، گجر خان اپنی اہلیہ اور ساس کے بہیمانہ قتل کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعہ کے بعد اسلام آباد پولیس کو ملزم کی تلاش تھی۔ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ مذکورہ ملزم تھانہ دیر سٹی کی حدود میں روپوش ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز (PSP) نے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے، جس پر تھانہ دیر سٹی پولیس نے جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیش اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب کارروائی کے دوران مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کو قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد مزید کارروائی کے لیے اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

