ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان سوریہ کمار یادو کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے کے لیے ٹیم انڈیا میں شامل نہیں کیا گیا۔ ان کی جگہ شریاس ایر کو ٹیم انڈیا کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سوریہ کافی عرصے سے اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ختم ہونے والے آئی پی ایل 2026 میں بھی وہ بلے سے کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ ایسے میں ٹیم سے باہر ہونے کے بعد ان کی ریٹائرمنٹ کی خبریں پھیلنے لگیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سوریہ کمار یادو کے نام سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔
اس پوسٹ میں لکھا گیاکہ بھارت کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔ ڈیبیو میچ میں چھکا لگانے سے لے کر ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے تک، یہ سفر ناقابلِ فراموش رہا۔ میں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی سی سی آئی، اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کا شکریہ۔ اب زندگی کے ایک نئے باب کی طرف بڑھ رہا ہوں!
سوریا کی ریٹائرمنٹ کی حقیقت کیا ہے؟
واضح رہے کہ سوریہ کمار یادو کے نام سے شیئر کی جانے والی ریٹائرمنٹ والی پوسٹ دراصل ایک پیروڈی اکاؤنٹ سے کی گئی تھی۔ اس اکاؤنٹ پر پروفائل کا نام سوریہ کمار یادو ہی لکھا ہوا ہے اور تصویر بھی انہی کی ہے، لیکن اکاؤنٹ کا ہینڈل @unreal_sky ہے۔ اس اکاؤنٹ سے کی گئی ریٹائرمنٹ والی پوسٹ کو صرف دو گھنٹوں میں ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ ویوز مل گئے۔

