نوشہرو فیروز:راجہ رجب علی
سیال برادری کے افراد مستوئی برادری کے مبینہ مظالم سے تنگ آ کر انصاف کے لیئےپریس کلب پہنچ گئے۔ انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عاجز سیال کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
احتجاج کی قیادت غلام علی سیال، اختیار سیال، علی گل سیال اور دیگر افراد کر رہے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول عاجز سیال کے والد غلام علی سیال نے الزام عائد کیا کہ سیال اور مستوئی برادریوں کے درمیان ایک پرانا تنازع چل رہا ہے، تاہم ان کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 20 روز قبل برکت مستوئی، شہزادو مستوئی، جواد مستوئی اور دیگر افراد نے ان کے نوجوان بیٹے عاجز سیال کو قتل کر دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نامزد ملزمان سرعام گھوم رہے ہیں لیکن پولیس انہیں گرفتار نہیں کر رہی، جبکہ جریپ پولیس بھی ان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
غلام علی سیال نے مزید کہا کہ آج جب ملزمان ضمانت کے لیے عدالت آئے تو وہ بھی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں انہیں دھمکیاں دی گئیں۔ ان کے مطابق عدالت کے باہر انہیں پستول دکھا کر خوفزدہ کیا گیا اور کہا گیا کہ اگر انہوں نے عدالت میں جا کر ضمانت کی مخالفت کی تو انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔
انہوں نے ایس ایس پی نوشہرو فیروز روحل کوسو سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں یا ان کے اہل خانہ کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار برکت مستوئی، جمن مستوئی اور دیگر افراد ہوں گے۔

