مری (راشد مغل سے)محلہ شوالہ پانی کی شدید قلت کا شکار، شہری بنیادی ضروریات سے محروم
محلہ شوالہ ان دنوں پانی کی شدید قلت کا شکار ہے، جہاں شہریوں کو روزمرہ زندگی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق کئی روز سے پانی کی فراہمی انتہائی کم کر دی گئی ہے جس کے باعث گھروں میں پینے، کھانا پکانے، صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔علاقے کے وال مین کا کہنا ہے کہ انہیں اعلیٰ حکام کی جانب سے محدود مقدار میں پانی فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں پورے محلہ شوالہ میں پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ گرمی کے موسم میں پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور لوگ پانی کے حصول کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیںپانی کی کمی کے باعث علاقے کی نالیوں اور ڈرینیج سسٹم میں مناسب بہاؤ نہ ہونے سے شدید بدبو پھیل رہی ہے۔ نالیوں میں گندگی جمع ہونے سے ماحول آلودہ ہو رہا ہے جبکہ مختلف وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ بدبو اور گندگی کے باعث بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خصوصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محلہ شوالہ کے رہائشیوں نے ڈپٹی کمشنر مری اور ایم ڈی واسا سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی فراہمی میں فوری اضافہ کیا جائے، سپلائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور پانی کی کمی کے باعث پیدا ہونے والے صفائی اور نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

