سکھر ( رپورٹ/عبد الرحمان راجپوت )
سکھرلینس ڈاؤن پل کے قریب جمالو پارک کے سامنے واقع میاں عبدالقوی پارک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پارک کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے باعث پارک میں نصب بچوں کے جھولے، تفریحی سامان اور دیگر اشیاء کو شدید نقصان پہنچا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اچانک بھڑکی اور تیزی سے پھیل گئی، جس سے پارک میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔خوش قسمتی سے واقعہ دن کے وقت پیش آنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم پارک میں موجود جھولے اور دیگر سامان آگ کی نذر ہو گئے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پارکوں اور عوامی مقامات پر بجلی کے نظام کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

