تہران : رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے ایک تحریری پیغام میں کہا ہے کہ ’امریکا اور اسرائیل شکست کے بعد ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور اور غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں۔
اس تحریری پیغام میں 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای، جو اقتدار میں آنے کے بعد سے عوام کے سامنے نہیں آئے، نے ایرانی قوم کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ایک کے بعد دوسری سازش رچا رہا ہے، ایرانی عوام قومی اتحاد اور یکجہتی قائم رکھیں، امریکا کو جنگ میں شکست ہوچکی ہے اور اب نئی چالیں چل رہا ہے تاکہ ایرانی قوم میں سماجی تقسیم پید کرسکے، جنگ مسلط کرنے، اقتصادی دباؤ ڈالنے اور پروپیگنڈے بعد اب دشمن نئے منصوبے بنا رہا ہےمجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن کا اصل منصوبہ اختلافات پیدا کرنا اور معاشرتی تقسیم کو بڑھانا ہے تاکہ فوجی محاذ پر ناکامیوں کا ازالہ کیا جا سکے، پابندیوں، اقتصادی دباؤ اور پروپیگنڈے کے ذریعے معاشرے میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ایرانی قوم نے مشکل حالات میں اپنی یکجہتی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کا کردار ایمان، امید اور ایکشن پر مبنی ہے۔ انہوں نے دوست اور دشمن سب پر اپنے اقدامات سے برتری ثابت کردی ہے۔
اسلامی مشاورتی اسمبلی کے قیام کی سالگرہ کے موقع پر جاری ہونے والے اس پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ پارلیمنٹ کو ’بنیادی مسائل خاص طور پر معیشت، روزگار، مہنگائی کو روکنے، پیداوار میں اضافے اور معاشرے میں امید پیدا کرنے‘ پر توجہ دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی اراکین پارلیمان عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دیں، ملک کی تعمیر نو کو ترجیح دیں، خاص طور پر معاشی اور نظام زندگی کے مسائل حل کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ قانون ساز ادارہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے ساتھ مل کر قومی اتحاد اور قومی سلامتی کے سائے میں مزاحمتی معیشت کے ہدف پر کام کرے جب کہ اقتصادی استحکام، مہنگائی پر قابو، پیداواری عمل میں بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر نظرِ ثانی کو بھی ترجیح دی جائے۔
پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ ’ایران اس وقت گہری اقتصادی کساد بازاری کا سامنا کر رہا ہے اور امریکی اور اسرائیلی حملوں کی وجہ سے صنعتی انفراسٹرکچر کی تباہی، طویل مدتی انٹرنیٹ کی بندش اور شدید مہنگائی نے عوام کو مشکل معاشی صورتحال میں ڈال دیا۔‘
امریکا اور اسرائیل جنگ میں شکست کے بعد اب سازش پر اتر آئے، مجتبیٰ خامنہ ای

