ٹھٹھہ (رپورٹ شیراز واریو)
ٹھٹھہ کے علاقے جھرک میٹنگ ریلوے اسٹیشن کے قریب کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 4 مزدور جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ضیاء اللہ، نور محمد، عرفان اللہ اور سائیں داد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو کوٹری اور حیدرآباد اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ تفصیلات کہ مطابق ٹھٹھہ کے علاقے جھرک میٹنگ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ابرائیم کول مائنرز کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 4 مزدور دب کر جاں بحق جبکہ 5 مزدور زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مزدور معمول کے مطابق کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک مٹی کا بڑا تودہ ان پر آ گرا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ضیاء اللہ، نور محمد، عرفان اللہ اور سائیں داد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں محمد حسین، نجیب اللہ، ملک زادہ، نعمت اللہ اور گل حسن شامل ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوٹری اور حیدرآباد کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں، مقامی افراد اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے تلے دبے مزدوروں کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری اور مقامی وسائل استعمال کیے گئے۔ علاقے میں فضا سوگوار ہے جبکہ جاں بحق مزدوروں کے اہلخانہ غم سے نڈھال دکھائی دیے۔
مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئلے کی کانوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جاسکے.


