شہدادپور( رپورٹ عمران قمر )
سوئی سدرن گیس کمپنی شہدادپور کے ریکوری اینڈ سی آر ڈی انچارج اسلم پرویز مگسی کی ریٹائرمنٹ پر گیس کمپنی اسٹاف شہدادپور کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں گیس کمپنی کے افسران، ملازمین اور معزز مہمانوں نے شرکت کی اور اسلم پرویز مگسی کی 17 سالہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ریجنل مینجر منظور احمد میمن تھے جبکہ زونل مینجر ذوالفقار علی ابڑو، زونل مینجر ریکوری سردار اسرار خان سولنگی، سب زونل مینجر سید فضل حسین شاہ، ڈپٹی مینجر علی محمد منیگل سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر اسٹاف کی جانب سے مہمانوں کو سندھ کی ثقافت کے مطابق اجرک، ثقافتی لونگی اور پھولوں کے ہار پیش کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل مینجر منظور احمد میمن نے کہا کہ اسلم پرویز مگسی نے اپنی 17 سالہ سروس کے دوران دیانتداری، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیے اور ہمیشہ ادارے کی بہتری کیلئے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے محنتی اور بااخلاق افسر کسی بھی ادارے کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ زونل مینجر ذوالفقار علی ابڑو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلم پرویز مگسی ایک خوش اخلاق اور فرض شناس آفیسر رہے، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ٹیم کے ساتھ مل کر بہترین انداز میں کام کیا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ زونل مینجر ریکوری سردار اسرار خان سولنگی نے کہا کہ اسلم پرویز مگسی نے ریکوری کے شعبے میں نہایت ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ خدمات انجام دیں اور اپنے تجربے سے جونیئر اسٹاف کی بھی بھرپور رہنمائی کی۔ سب زونل مینجر سید فضل حسین شاہ نے کہا کہ ریٹائرمنٹ سرکاری زندگی کا حصہ ہے مگر اچھی یادیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں، اسلم پرویز مگسی اپنی بہترین کارکردگی اور اچھے اخلاق کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ اسلم پرویز مگسی نے کہا کہ میں اپنی 17 سالہ سروس کے دوران گیس کمپنی کے تمام افسران، ساتھی ملازمین اور اسٹاف کی محبت، تعاون اور اعتماد پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران اگر کبھی مجھ سے دانستہ یا غیر دانستہ طور پر کسی کے ساتھ سخت رویہ اختیار ہوا ہو یا کوئی غلطی سرزد ہوئی ہو تو میں دل سے تمام ساتھیوں سے معذرت خواہ ہوں۔ آخر میں انہوں نے تقریب کے انعقاد اور عزت افزائی پر تمام افسران اور اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ ایف ایس ایل کمپنی کے رانا ندیم سلیم کی جانب سے اسلم پرویز مگسی کو شمشیر کا خصوصی تحفہ پیش کیا گیا، ملک پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے بھی دعا کی گئی۔
اسلم پرویز مگسی کی ریٹائرمنٹ پر گیس کمپنی اسٹاف شہدادپور کی جانب سے الوداعی تقریب

