ٹنڈوالہیار: رپورٹ: تیمور رضا قائم خانی
ٹنڈوالہیار: ڈکیتی کے واقعے سے متاثرہ اقلیتی برادری کے افراد نے ایس ایس پی آفس ٹنڈوالہیار کا دورہ کیا اور ایس ایس پی سید سلیم شاہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر اقلیتی برادری کے عمائدین اور متاثرین نے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور مسروقہ سامان کی بحالی پر ایس ایس پی ٹنڈوالہیار اور پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران اقلیتی برادری کی جانب سے روایتی خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایس پی سید سلیم شاہ کو سندھی ثقافت کے روایتی تحائف—ٹوپی، لونگی اور شال—پیش کیے گئے۔اس موقع پر ایس ایس پی ٹنڈوالہیار سید سلیم شاہ کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


