لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے آپریشن کر کے کچے کو ڈاکوؤں اور ،دہشتگردوں سے کلیئر کرا لیا گیا،کچے کے ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کر رکھی تھی،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 5، 6ماہ پہلے کچے کے علاقے میں بڑا آپریشن کیاگیا۔
پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا آپریشن کے دوران جرائم پیشہ افراد کی اکثریت نے خود ہتھیار ڈالے، 5، 6ماہ سے کچے میں امن ہے، کچے کا کچھ علاقہ دریا کے اندر اور کچھ دریا کے باہر ہے،وزیراعلیٰ نے کچے کے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا کہاتھا،کچے کے علاقے میں پہلے کبھی ترقیاتی کام نہیں کیے گئے،پہلے کچے کے علاقے میں حکمرانوں کی بھی دسترس نہیں تھی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کچے کیلئے ترقیاتی پلان کی منظوری دے دی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہناتھا کہ کچا اب پکا ہوا، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی،کچے کیلئے 23 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا گیاہے، پہلے کچے کیلئے اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام شامل نہیں تھا، کچے کے علاقے کے لوگوں کو بھی سرکاری زمین مفت دی جائے گی، کچے میں 14 ہزار 500 ایکڑ زمین کاشتکاروں کو مفت ملے گی، تعلیم کیلئے اپ گریڈیشن، 300طلبا کو اسکالرشپس دی جائیں گی۔کچے میں طویل مدتی اسکیموں کے تحت پل، سڑکیں بنائی جائیں گی،اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام میں کچے کے علاقے کو بھی حصہ بنایا گیا ہے،نادرا کی موبائل ٹیموں کو کچے کے علاقوں میں بھجوا دیا گیا ہے، 76سال سے کچے کے علاقے میں لوگوں کے شناختی کارڈ نہیں بنے تھے،وزیراعلیٰ نے نادرا ٹیمیں کچے کے علاقے میں بھجوا دی ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ کچے میں نئے پولیس اسٹیشنز بنائے جا رہے ہیں، کچے کی پولیس کیلئے نئی بکتر بند گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، اوورسیز کے ذریعے حکومت مخالف مہم چلائی جاتی ہے، ایک شخص کی آنکھ سے متعلق ان کا رونا دھونا ختم نہیں ہوتا، یہ برا کام کرکے اس پر اتراتے بھی ہیں جو افسوسناک ہے۔

