جکارتہ: انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے نواحی علاقے بیکاسی تیمور اسٹیشن پر دو ٹرینوں کے درمیان ہونے والے المناک حادثے میں 14 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ پیر کی شب اس وقت پیش آیا جب طویل مسافت طے کرنے والی ٹرین ‘آرگو برومو اینگرینک’ نے اسٹیشن پر کھڑی ایک لوکل کمپیوٹر ٹرین کو پیچھے سے زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کمپیوٹر ٹرین کا آخری ڈبہ بری طرح تباہ ہو گیا اور کئی مسافر ملبے میں پھنس گئے۔
مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کر کے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالا۔ خوش قسمتی سے ‘آرگو برومو اینگرینک’ میں سوار تمام 240 مسافر محفوظ رہے۔ سرکاری ریلوے کمپنی ‘پی ٹی کیریٹا آپی انڈونیشیا’ نے واقعے پر معافی مانگتے ہوئے زخمیوں کی بہترین طبی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

