لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صحت مند پنجاب” وژن کی تکمیل کی جانب ایک اور بڑا سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ برطانیہ میں مقیم معروف پاکستانی نژاد ہارٹ سرجن ڈاکٹر حسنات خان نے مادرِ وطن کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے لاہور کے نو تعمیر شدہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (JIC) کی ذمہ داری سنبھالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈاکٹر حسنات خان نے خصوصی ملاقات کی، جس میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے اور اس کے انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر حسنات خان کو اس اہم عہدے پر تقرری پر مبارکباد دی اور ان کے پاکستان واپسی کے فیصلے کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا:”ہمارا مقصد صرف ہسپتال بنانا نہیں بلکہ پنجاب کو دنیا میں میڈیکل ٹورازم کا ہب بنانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے غریب عوام کو دل کے علاج کی وہ جدید ترین سہولتیں میسر ہوں جو اب تک صرف اشرافیہ یا بیرون ملک دستیاب تھیں۔“
وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر حسنات خان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ پاک دھرتی کے ایک ایسے سپوت نے، جس نے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوایا، اب اپنے غریب ہم وطنوں کی خدمت کا راستہ چن لیا ہے۔ انگلینڈ سے پاکستان آکر خدمات انجام دینا حب الوطنی کی اعلیٰ مثال ہے۔
جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کے لیے جدید ترین مشینری اور عالمی معیار کے پروٹوکولز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر حسنات خان کی زیرِ نگرانی یہ ادارہ نہ صرف علاج بلکہ تحقیق کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

