مری :مسلم لیگ ن کے صدر، سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی عزت بڑھانے کیلئے تاریخی کام کیا، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سبز پاسپورٹ کو عزت دلوائی۔ گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان ہو یا دفاع کا معاملہ ہو، ہم نے اپنا بھرپور کردارادا کیا، وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتھک محنت کی، آج دنیا بھر میں ایک بار پھر سبز پاسپورٹ کی عزت ہو رہی ہے، ایک زمانہ تھا کہ 1999ء میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت ہوئی تھی، آج شہباز شریف اور ان کی مدد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی، جس سے سبز پاسپورٹ کی عزت ہوئی ہے۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں عوام کی خدمت کی ہے، گلگت بلتستان میں 60 ارب کی لاگت سے سڑک بنائی، فاصلے کم ہوئے، وزیراعظم شہبازشریف گلگت بلتستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، گلگت بلتستان میں ہونے والے ترقیاتی کام کوئی احسان نہیں عوام کا حق ہے، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں، عملی طور پر کام کر کے دکھائے ہیں، ہم سب نے مل کر ملک کو ترقی کی طرف لے جانا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ پنجاب اور مرکز ترقی میں سب سے آگے ہیں، مجھے گلگت بلتستان اتنا ہی عزیز ہے جتنا پنجاب، سندھ اور بلوچستان ہے، پاکستان مسلم لیگ ن عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، مسلم لیگ ن نے ہر شعبے اور ہر محاذ پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، گلگت بلتستان میں فنڈزکی کمی بیشی کو وزیراعظم دیکھیں گے، وزیراعظم شہباز شریف سے پیسے لے کر گلگت بلتستان کو میں خود دوں گا۔
شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تاریخی کام کیا، سبز پاسپورٹ کو عزت دلوائی، نوازشریف

