لاس ویگاس: پیراماؤنٹ اسٹوڈیوز نے سینما کون کی پریزنٹیشن کے دوران دنیا بھر کے فلم بینوں کو حیران کر دیا ہے: ٹام کروز ایک بار پھر اپنے مشہورِ زمانہ کردار ‘میورک’ کے روپ میں واپس آ رہے ہیں۔ پروڈیوسر جیری برک ہائیمر بھی اس پروجیکٹ کا حصہ ہوں گے، جبکہ فلم کی کہانی ایرن کروگر لکھ رہے ہیں جنہوں نے 2022 کی بلاک بسٹر فلم ٹاپ گن: میورک بھی لکھی تھی۔
جہاں اس اعلان نے جوش و خروش پیدا کیا ہے، وہیں ناقدین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا 63 سالہ ٹام کروز اب اس طرح کے جسمانی طور پر تھکا دینے والے کردار کے لیے بہت زیادہ عمر رسیدہ نہیں ہو گئے؟
1986 کی اصل فلم اور 2022 کے سیکوئل کے درمیان 36 سال کا فاصلہ تھا۔ اب تیسری قسط تک ٹام کروز کی عمر اس حد تک پہنچ جائے گی جہاں عام طور پر پائلٹس ریٹائر ہو جاتے ہیں۔
ٹام کروز اپنے اسٹنٹ خود کرنے کے لیے مشہور ہیں، لیکن کیا ایک فائٹر جیٹ کے کاک پٹ میں ‘جی فورس’ (G-force) برداشت کرنا اب ان کی صحت کے لیے درست ہوگا؟ کیا ناظرین ایک ایسے پائلٹ کو قبول کر پائیں گے جو اپنے شاگردوں (مائلز ٹیلر اور گلین پاول) سے دگنی عمر کا ہے لیکن پھر بھی سب سے آگے ہے؟
پیراماؤنٹ کے اس فیصلے کے پیچھے سب سے بڑی وجہ 1.5 بلین ڈالر کی وہ خطیر رقم ہے جو ٹاپ گن: میورک نے صرف 170 ملین ڈالر کے بجٹ سے کمائی تھی۔ اس کامیابی نے ثابت کیا کہ ٹام کروز کا نام آج بھی نوٹ چھاپنے کی مشین ہے۔
فلم میں ٹام کروز: لیفٹیننٹ پیٹ ‘میورک’ مچل کے طور پرمرکزی کردار نبھائیں گے جبکہ پروڈیوسر: جیری برک ہائیمر ہیں
ساتھی پائلٹوں کے کردار میں مائلز ٹیلر (روسٹر) اور گلین پاول کی واپسی کی بھی توقع ہے۔
لیجنڈری اداکار ویل کلمر (آئس مین) اب اس دنیا میں نہیں رہے، ”میورک“ ان کی آخری فلم ثابت ہوئی تھی، جس کی کمی تیسری قسط میں محسوس کی جائے گی۔فلم کے ڈائریکٹر کا نام ابھی تک خفیہ رکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پہلی فلم ٹونی اسکاٹ نے ڈائریکٹ کی تھی جبکہ دوسری قسط جو کوسنسکی کے نام رہی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ تیسری بار کون ٹام کروز کو بادلوں کی سیر کروائے گا؟
ناقدین کچھ بھی کہیں، ٹام کروز نے ہمیشہ اپنی فٹنس اور جذبے سے سب کو حیران کیا ہے۔ کیا ‘ٹاپ گن 3’ ان کے کیریئر کی سب سے بڑی فلم ہوگی یا یہ ان کی بڑھتی عمر کا پردہ چاک کر دے گی؟ اس کا فیصلہ تو وقت ہی کرے گا۔
”ٹاپ گن 3 “کا بڑا دھماکہ! 60 سالہ ٹام کروز ایک بار پھر واپسی کے لیے تیار؛ کیا خطرناک اسٹنٹ اب ‘ممکن’ ہیں؟

