بھکر:(ملک سمیع اللہ )
داجل چیک پوسٹ پر ‘فتنہ الخوارج’ کے بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے دو بہادر جوانوں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز بھکر میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
شہداء کی آخری رسومات میں آئی جی پنجاب عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال، اور اسٹیشن کمانڈر سرگودھا بریگیڈئیر راشد صدیق کھوکھر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس کے علاوہ سینئر پولیس افسران، شہداء کے لواحقین، پولیس ملازمین اور سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شریک ہو کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نمازِ جنازہ کے بعد آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہداء کے پسماندگان سے ملاقات کی۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شرکت کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"آپ کے پیاروں نے ملک و قوم کی خاطر جو عظیم قربانی دی ہے، اسے کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ محکمہ پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن دیکھ بھال اور مکمل سرپرستی کا ذمہ اٹھاتا ہے۔”
تقریب کے اختتام پر شہداء کے بلند درجات اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں و پولیو ورکر کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی اور جوانوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔


