بھکر :(رپورٹ ملک سمیع اللہ)
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے بین الصوبائی چیک پوسٹ داجل کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے خودکش دھماکے کی جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال، آر پی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف اور ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او بھکر نے آئی جی پنجاب کو خودکش حملے کی تفصیلات، جائے وقوعہ سے ملنے والے ابتدائی شواہد اور جوابی کارروائی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے حملے کے طریقہ کار اور سکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
حملے کے پیشِ نظر آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر کی تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سکیورٹی فوری طور پر مزید سخت کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ:
تمام سرحدی چیک پوسٹوں پر سکیورٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔مشتبہ گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے مزید مؤثر بنایا جائے۔ جبکہکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ لیول کو برقرار رکھا جائے۔
آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹ پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند مورال کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور ہمارے جوانوں نے جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہمیشہ وطن کا دفاع کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی عبدالکریم نے کہا کہ دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعے میں ملوث عناصر کو بہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔


