لاہور : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں بسنت کا کامیاب اور محفوظ انعقاد دراصل میاں نواز شریف کے اس وژن کی تکمیل ہے جس کا اظہار انہوں نے ڈیڑھ سال پہلے کیا تھا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس مشکل فیصلے کا بیڑا اٹھایا اور تمام اداروں کے تعاون سے ایک ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ "سیف بسنت” کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے گئے۔ پہلی بار پنجاب میں پتنگ اور ڈور بنانے والوں سمیت باہر سے سامان منگوانے والوں کو بھی رجسٹرڈ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ:
14 لاکھ موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز لگائے گئے، جن کے پاس راڈ نہیں تھے انہیں حکومت نے یہ سہولت فراہم کی۔
6 ہزار چنگچی رکشوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کو عوام کی سہولت کے لیے فری کیا گیا۔
جہاں ماضی میں حادثات زیادہ ہوتے تھے، ان علاقوں کو ’ریڈ زون‘ قرار دے کر خصوصی نگرانی کی گئی۔
سینئر وزیر نے انکشاف کیا کہ تین روز کے دوران 20 لاکھ سے زائد لوگوں نے بسنت فیسٹیول کا بھرپور لطف اٹھایا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لبرٹی چوک کو اب مستقل طور پر "فیسٹیول چوک” ڈکلیئر کر دیا گیا ہے۔ پی ایچ اے کی مدد سے پورے لاہور کو دلہن کی طرح سجایا گیا، جس سے شہر کی رونقیں دوبارہ بحال ہوئیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ "تہواروں کو تالے نہیں لگائے جاتے بلکہ سیفٹی کے ساتھ عوام کو خوشی کا موقع دیا جاتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ یہی وہ پاکستان ہے جو دنیا کو دکھانا مقصود تھا۔ وہ نوجوان جنہیں ماضی میں "جلا دو، گرا دو” کی تربیت دی گئی تھی، آج وہی نوجوان اپنے کمروں سے نکل کر ویڈیو گیمز چھوڑ کر اپنی ثقافت اور مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اسی وجہ سے سرکاری سطح پر ہونے والے کچھ فیسٹیولز منسوخ کیے گئے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ خوشیاں اور امن ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔
انہوں نے سی پی او، ڈی سی، اے سیز اور پولیس سمیت محکمہ صحت اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی پوری ٹیم کو تین دن تک متحرک رہنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں انہوں نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے بسنت کی آگاہی اور اسے ایک قومی تہوار کے طور پر پیش کرنے میں بھرپور ساتھ دیا۔
نواز شریف کا وژن، مریم نواز کی محنت: لاہور میں ’سیف بسنت‘ کی کامیابی پر مریم اورنگزیب پاکستانیوں کی مشکور

