اسلام آباد :وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ترلائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہو گیا کہ خودکش حملہ آور افغانستان جاتا رہا ہے اور اس نے وہیں سے تربیت حاصل کی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، دہشت گردوں کا نظریہ دہشت پھیلانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اسلام آباد واقعے کے حوالے سے کافی پیشرفت ہوئی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ نماز جمعہ میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے والوں کو مکمل نکیل ڈالیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ انتہائی ضروری ہے، ملک میں فرقہ واریت اور نفرت کی کوئی گنجائش نہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، وزیراعظم نے انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے وزیرِ داخلہ کو مکمل ہدایت دی ہے۔
سانحہ اسلام آباد، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ

