ریاض :ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ اُن کا ملک سعودی عرب کے ساتھ قابلِ تجدید توانائی اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بلند سطح تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے منگل کو ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور اُن سے دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی۔ تُرک صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر اردوغان نے سعودی ولی عہد کو یہ بھی بتایا کہ ترکیہ، شام میں استحکام کے لیے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا اور شام کی تعمیرِِنو کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بھی کرے گا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان اپنے وفد کے ہمراہ بدھ کو سعودی دارالحکومت ریاض سے وطن واپس روانہ ہوئے، جہاں ریاض ریجن کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں الوداع کیا۔صدر اردوغان کے دورے کے بعد سعودی عرب اور ترکیہ کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں شامی حکومت کی جانب سے ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن کے فروغ کے لیے ان اقدامات کو سراہا گیا۔
بیان میں شام کی سرزمین پر اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ شام کے تمام مقبوضہ علاقوں سے فوری طور پر انخلا کرے۔
سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ بیان میں سوڈان، فلسطینی علاقوں اور یمن میں امن اور استحکام کی بحالی پر زور دیا گیا، جبکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
سعودی ترکیہ تعلقات کو مزید بلند سطح تک لے جانے کیلئے پرعزم ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوغان

