اسلام آباد :پاکستان کابڑا فیصلہ ۔۔۔ حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی منظوری دے دی تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔
پاکستان نے تمام ترتحفظات کے باوجود ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کا اعلان کردیا ہے تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آج اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
حکومت پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی لیکن قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری 2026 کو شیڈولڈ ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجاً بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
The Government of the Islamic Republic of Pakistan grants approval to the Pakistan Cricket Team to participate in the ICC World T20 2026, however, the Pakistan Cricket Team shall not take the field in the match scheduled on 15th February 2026 against India.
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 1, 2026
آئی سی سی ایونٹس میں بھارت اور پاکستان کو 2012 سے ایک ہی گروپ میں رکھا جاتا رہا ہے کیوں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیریز گزشتہ 14 برس سے نہیں کھیلی جا سکی۔ اس پیش رفت کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 2010 کے بعد یہ پہلا آئی سی سی مینز ایونٹ ہوگا جس کے گروپ مرحلے میں پاک بھارت میچ نہیں ہوگا۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اس سے قبل کہا تھا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔ یہ صورت حال اس وقت پیدا ہوئی جب 24 جنوری کو بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے ہٹا دیا گیا۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کے مؤقف کی حمایت کی تھی اور آئی سی سی پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کیا تھا۔
بعد ازاں پی سی بی نے آئی سی سی کی مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا جب کہ ایک مختصر بیان میں سری لنکا سفر کی تصدیق بھی سامنے آئی تھی۔
پاکستان گروپ اے میں بھارت، نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا کے ساتھ شامل ہے اور اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز، 10 فروری کو امریکا اور 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔
میچ کا بائیکاٹ کرنے کی صورت میں پاکستان کو اس میچ کے دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا جب کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق پاکستان کے نیٹ رن ریٹ پر بھی اثر پڑے گا تاہم بھارت کے نیٹ رن ریٹ پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
آئی سی سی پلیئنگ کنڈیشنز کی شق 16.10.7 کے تحت اس صورت میں ڈیفالٹ کرنے والی ٹیم کے مکمل 20 اوورز کو نیٹ رن ریٹ کے حساب میں شامل کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے تنازع تقریباً تین ہفتوں سے جاری تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اثر و رسوخ کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کے جائز مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کیا اور اسے ٹورنامنٹ سے باہر کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو میگا ایونٹ میں شامل کرلیا تھا۔
بنگلادیش کے چار میچز کولکتہ میں شیڈول تھے تاہم ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی کولمبو روانگی کل متوقع ہے جب کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 6 فروری سے ہوگا۔

