اسلام آباد:وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اسلام آباد پولیس کے وفات پانے والے ایس پی عدیل اکبر کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کے لئے کامونکی میں ان کے گھرگئے۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی عتیق طاہر، ڈی آئی جی جواد طارق اور ڈی آئی جی ہارون جوئیہ بھی وزیرِ داخلہ کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایس پی عدیل اکبر کے والد، بھائی اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی اور غمزدہ خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ایس پی عدیل اکبر اسلام آباد پولیس کا قیمتی اثاثہ تھے جو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت محنت، دیانت اور لگن سے انجام دے رہے تھے۔ فرض شناس اور محنتی افسر کی ناگہانی وفات سے دلی صدمہ ہوا ۔
دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس نے ایک باصلاحیت اور بہادر افسر کو کھو دیا ہے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے مرحوم کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

