خصوصی رپورٹ: اوکاڑہ میں پولیس نے ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشن) ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ 15 اکتوبر کو ستگھرہ موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک رکشہ ڈرائیور اپنے رکشہ میں ساؤنڈ سسٹم لگا کر اونچی آواز میں میوزک چلایا جا رہا تھا۔
واقعے کی ایف آئی آر میں یہ بھی لکھا گیا کہ ہے کہ ڈرائیور نے بلند آواز میں ٹیپ پر گانا چلا رکھا تھا جس کے بول تھے’مینوں سوتی نوں جگا کے آپ سون لگا ای کی ظلم کمان لگا ایں۔
رکشہ سے ساؤنڈ سسٹم بطور ثبوت قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی پنجاب ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشن) ایکٹ 2015 کی دفعہ 6 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، جو عوامی مقامات پر شور و غل اور اونچی آواز میں ساؤنڈ سسٹم کے استعمال پر پابندی عائد کرتا ہے۔
واضح رہے گذشتہ ماہ بھی اس نوعیت کا واقعہ سامنے آیا تھا جب لاہور میں پولیس نے ایک شہری کے خلاف گاڑی میں ساؤنڈ سسٹم پر اونچی آواز میں گانا چلانے پر مقدمہ درج کیا تھا۔
اس واقعے کی ایف آئی آر میں گانے ’جھانجر دی پاواں چھنکار‘ کا ذکر کیا گیا تھا اور اب حالیہ واقعے میں ’مینوں سوتی نوں جگا کے آپ سون لگا ای کی ظلم کمان لگا ایں‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ گانا پاکستانی فلم ’اللہ نگہبان‘ کا ہے جسے نسیبو لعل نے گایا تھا اور اسے معمر رانا اور میرا پر فلمایا گیا تھا۔

