لاہور:وزیر اعظم شہباز شریف نے جاتی امرا لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال، پاک افغان امن معاہدہ اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، نواز شریف نے حکومت کی ملکی معاشی و سفارتی محاذ پر کامیابیوں کو سراہا ۔
ڈان نیوز کے مطابق جاتی امرا لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پاک افغان امن معاہدہ اوردیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہبازشریف حکومت کی ملکی معاشی و سفارتی محاذ پر کامیابیوں کو سراہا۔
اس موقع پر میاں نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم میں پاکستان کی پذیرائی حکومت کی اہم سفارتی کامیابی ہے، پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہبازشریف نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط کرنا ہے حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں امن و سلامتی کےلیے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔

