نئی دہلی،: بھارتی ادارے ضلع ہریانہ ایس ٹی ایف نے لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی لکھویندرعرف لکھا کو امریکا سے گرفتار کرکے بھارت ڈی پورٹ کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
ایس ٹی ایف کے مطابق لکھویندر عرف لکہا، لارنس بشنوئی کے کزن انمول بشنوئی کا قریبی ساتھی ہے۔ وہ کئی سالوں سے ہریانہ اور پنجاب میں ڈکیتیوں اور فائرنگ کے واقعات میں سرگرم رہا ہے۔ لکہا پر بھتہ خوری، جان سے مارنے کی دھمکیوں اور فائرنگ سمیت کئی سنگین مقدمات درج ہیں۔
اسے گینگسٹرز کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بڑی کامیابی قراردیا جارہا ہے۔
لکھویندر عرف لکہا 2022 سے امریکا میں رہائش پذیر تھا اور وہاں سے انمول کی ہدایات پر گینگ کی سرگرمیاں چلا رہا تھا۔لکہا کے خلاف ہریانہ کے مختلف اضلاع میں چھ فوجداری مقدمات درج ہیں۔
یادرہے 2023 میں لکہا کے خلاف لُک آؤٹ سرکلر اور 2024 میں ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ وہ 2020 میں جرمنی گیا اور پھر وہاں سے امریکا منتقل ہو گیا۔

