اسلام آباد (خصوصی رپورٹ – بے نقاب نیوز):
بے نقاب ٹی وی نے ایک بار پھر اپنی ساکھ منوا لی — انڈرورلڈ ڈان طیفی بٹ کے مبینہ پولیس مقابلے کی خبر سب سے پہلے بے نقاب نے دی، جسے ابتدا میں کسی نے تسلیم نہیں کیا۔ تاہم چند گھنٹوں بعد تمام الیکٹرانک میڈیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے نقاب کی خصوصی رپورٹ کی تصدیق کر دی۔
ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کے کزن اور مقدمہ وار گوگی بٹ کو ابتدائی طور پر صرف اتنا علم تھا کہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، مگر مقام اور تفصیلات سے لاعلم تھے۔
جب بے نقاب ٹی وی نے اس خبر کو شواہد کے ساتھ نشر کیا تو جائے وقوعہ کی تصدیق ہوگئی — یہی وہ لمحہ تھا جب باقی تمام نیوز چینلز نے بھی اپنی بریکنگ نیوز چلانا شروع کی۔
سوشل میڈیا پر اس خبر نے طوفان برپا کر دیا اور عوامی ردعمل کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سی سی ڈی کے مطابق اشتہاری مجرم طیفی بٹ امیر بالاج قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ یہ مقدمہ نمبر 1163/24 تھانہ چوہنگ میں درج تھا۔ ملزم 10 اکتوبر کو قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچا جہاں سی سی ڈی ٹیم نے اسے تقریباً 3 بجے حراست میں لیا۔ 11 اکتوبر کی صبح جب ٹیم سنجرپور، ضلع رحیم یار خان کے قریب پہنچی تو نامعلوم مسلح افراد نے سی سی ڈی کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کر دی فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا، جبکہ حملہ آور ملزم طیفی بٹ کو چھڑا کر فرار ہوگئے۔
بعد ازاں پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کی اور تقریباً 5 بجے دو مشکوک گاڑیاں نظر آئیں۔ روکنے کی کوشش پر دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔ مقامِ وقوعہ سے ایک شخص زخمی حالت میں ملا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ ہلاک شخص کی شناخت خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ کے نام سے ہوئی۔
اس واقعے نے پولیس، میڈیا اور انڈرورلڈ حلقوں میں بے نقاب ٹی وی کی بروقت اور درست رپورٹنگ کا لوہا منوا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں جنہیں بے نقاب نیوز جلد عوام کے سامنے لائے گا۔

