لاہور :مریدکے میں پر تشدد احتجاج میں ملوث مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔مذہبی تنظیم کے قائدین کے خلاف دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج ۔
پولیس کے مطابق متعدد مقامات سے اندھا دھند فائرنگ بھی ریکارڈ کی گئی ۔ ہجوم نے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔ کیلوں والے ڈنڈے اور پیٹرول بموں سمیت پرتشدد ہتھکنڈے استعمال کیے۔
مظاہرین نے متعدد گاڑیاں اغوا کر کے احتجاج میں استعمال کیں۔ کارروائی منظم تشدد کا حصہ تھی۔ جس میں قیادت نے ہجوم کو اکسانے کا کردار ادا کیا۔
پولیس کے مطابق ہتھیار چھیننا، پیٹرول بم اور گاڑیاں جلانا کسی بھی طرح پرامن احتجاج نہیں کہلاتا۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ جان اور املاک کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔
پولیس ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مظاہرین سے مذاکرات کیے، جس میں احتجاج کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم مذاکرات کے دوران قیادت ہجوم کو اکساتی رہی، ہجوم نے پتھراؤ، کیلوں والے ڈنڈے اور پیٹرول بم استعمال کیے جبکہ متعدد پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے سانحے سے بچنے کی کوشش میں شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا، جس پر مظاہرین مزید مشتعل ہوئے اور منظم حملے کیے گئے، مظاہرین نے کم از کم 40 سرکاری و نجی گاڑیاں اور دکانیں جلائیں، تصادم میں مذہبی جماعت کے 3 کارکن اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا، پوسٹ مارٹم رپورٹس کے مطابق فائرنگ چھینے گئی اسلحے سے کی گئی ۔
مظاہرین نے یونیورسٹی کی بس سمیت متعدد گاڑیاں اغوا کیں، متعدد مقامات سے اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی، پولیس نے متعدد ملزمان کوگرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذہبی جماعت کاسربراہ موقع سے فرار میں کامیاب رہے، ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، کارروائی منظم تشدد کا حصہ تھی جس نے ریاست کوخطرے میں ڈالا، ایسے عناصر کو قانون کے مطابق جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔
تھانہ مریدکے سٹی میں ٹی ایل پی قائدین اور کارکنوں کیخلاف درج مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، اغوا اور ڈکیتی سمیت 32 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس نے مریدکے میں تعینات سب انسپکٹر محمد افضل کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔
ایف آئی آر میں امیر ٹی ایل پی سعد رضوی، انس رضوی سمیت علامہ فاروق الحسن، مولانا سجاد سیفی، مفتی وزیرعلی سمیت کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینےوالے شرپسندوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔

