واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی تنظیم حماس کو چار روز کی مہلت دی ہے تاکہ وہ ان کی جانب سے پیش کی گئی غزہ امن تجویز پر جواب دے سکے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حماس نے واضح کیا ہے کہ وہ جنگ بندی سے متعلق تمام تجاویز پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔
ٹرمپ نے منگل کو وائٹ ہاؤس سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "حماس کے پاس تین یا چار دن ہیں۔ اگر جواب نہ دیا گیا تو اسرائیل وہی کرے گا جو ضروری ہوا”۔ ان کا اشارہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی سابقہ دھمکیوں کی طرف تھا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت حماس کی جانب سے امن منصوبے کی منظوری اور اچھے رویےکی منتظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کے ساتھ مذاکرات کی زیادہ گنجائش موجود نہیں ۔
امریکی صدر کے مطابق کئی عرب ممالک نے اس منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے اور کچھ نے اس کی تیاری میں تعاون بھی کیا ہے۔

