ڈی آئی خان (نمائندہ خصوصی )سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بدھ کے روز خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن (IBO) کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنے الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد دسمبر 2023 میں درابن میں ہونے والے خودکش حملے، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اغوا و ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ 21 ستمبر کو بھی اسی ضلع کے کلاچی علاقے میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران سات دہشت گرد، جن میں تین افغان باشندے اور دو خودکش بمبار شامل تھے، مارے گئے تھے۔ اس موقع پر بھی دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا تھا۔پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ نومبر 2022 میں تحریک طالبان پاکستان نے حکومت سے جنگ بندی ختم کرنے کے بعد فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 دہشت گرد ہلاک

