برسلز: یورپ کے بڑے ایئرپورٹس کو ہفتے کے روز ایک بڑے سائبر حملے کے باعث چیک اِن اور بیگیج ڈراپ کے خودکار نظام بند ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں کئی پروازیں منسوخ اور دیگر تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ، جو یورپ کا مصروف ترین فضائی مرکز ہے، نے بتایا کہ امریکی کمپنی کولنز ایرو سپیس کے فراہم کردہ سسٹمز میں تکنیکی مسئلہ پیش آیا ہے جس سے مسافروں کو تاخیر کا سامنا ہو رہا ہے۔
امریکی ڈیفنس گروپ آر ٹی ایکس کی ذیلی کمپنی کولنز ایرو سپیس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ’سائبر سے متعلق ایک رکاوٹ‘ کا شکار ہوئی ہے جس کا اثر منتخب ایئرپورٹس پر پڑا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ مسئلہ صرف الیکٹرانک کسٹمر چیک اِن اور بیگیج ڈراپ تک محدود ہے اور اسے مینول آپریشن کے ذریعے جزوی طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

