لاہور:(شوبزرپورٹر)مشہور مزاحیہ اداکار اور پروفیسر جسوندرسنگھ بھلا65سال کی عمرمیں موہالی کے فورٹ ہسپتال میں مختصر علالت کے بعد وفات پا گئے۔
جسوندر بھلا کی آخری رسومات 23 اگست کو بَلونگی کے شمشان گھاٹ میں ادا ہوں گی ، جسوندر بھلّا کے مخصوص اندازِ مزاح، برجستہ مکالموں اور سماجی طنز نے انہیں عوام میں غیر معمولی مقبولیت دلائی،فلمی دنیا میں وہ خاص طور پرCarry On Jatta سیریز میں ایڈووکیٹ ڈھلون کے کردار کے ذریعے امر ہو گئے۔
جسوندربھلا صرف ایک کامیاب فنکار ہی نہیں بلکہ ایک ماہرِ تعلیم بھی تھے، انہوں نے بی ایس سی اور ایم۔ ایس۔ سی۔ پنجاب زرعی یونیورسٹی سے اور ان کی پی ایچ ڈی۔ چودھری چرن سنگھ پوسٹ گریجویٹ کالج میرٹھ سے حاصل کی۔ انھوں نے پی اے یو میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 31 مئی 2020ء کو فعال ملازمت سے سبکدوش ہونے پر پروفیسر اور سربراہ، محکمہ توسیعی تعلیم کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
جسوندر بھلا کا مزاح محض ہنسانے کے لیے نہیں تھا بلکہ اس میں معاشرتی مسائل پر باریک طنز اور اصلاحی پہلو بھی شامل ہوتے تھے، انہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے ہنسی کو سوچ میں بدلنے کا فن سکھایا،ان کے مکالمے پنجابی عوامی کلچر کا حصہ بن چکے ہیں، پنجابی فلم انڈسٹری کے لیے جسوندر بھلّا کی وفات ایک بڑا نقصان ہے، وہ نہ صرف ایک عظیم مزاحیہ اداکار تھے بلکہ ایک سچے استاد اور دانشور بھی تھے۔
4 مئی 1960 ء کو دوراھا گاؤں لدھیانہ میں پیدا ہونےوالے جسوندر سنگھ بھلا کے والد برما پور گاؤں میں پرائمری سکول ٹیچر تھے،انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم سینئر سیکنڈری سکول درا سے حاصل کی۔اداکاری کا آغاز 1988 میں چنکٹا 88 سے کیا،ان کی پہلی فلم ’’دلابھٹی‘‘ تھی، وہ فلموں میں اپنی بے ساختہ اداکاری اور بروقت جملے بازی کی وجہ سے مشہور تھے۔
جسوندر سنگھ بھلا کی شریک حیات کا نام پر پرما دیپ بھلا ہے جن سے ان کے دو بچے بیٹا پکھراج اور بیٹی اکشپریت کور ہیں، بیٹی شادی کے بعد ناروے میں رہائش پزیر ہے جبکہ بیٹا بی ٹیک آڈیو ویڈیو ایڈز کی پڑھائی کے ساتھ ساتھ مختلف فلموں میں بھی ان کے ساتھ جلوہ گر ہوا ہے۔
ان کی مشہورفلموں میں ماحول ٹھیک ہے،جیجا جی،جنے میرا دل لٹیا،کبڈی ونس اگین،پاور کٹ،اپن پھر ملیں گے،کیری آون جٹا،جٹ اور جولیٹ،کیری ان جٹا ٹو،اکشے،مسٹر اینڈ مسز 420 ریٹنز اوردیگر شامل ہیں
پنجاب کے لیجنڈری اداکار جسوندر سنگھ بھلا انتقال کرگئے

