واشنگٹن:امریکا اور چین نے ایک دوسرے پر عائد ٹیرف مزید 90 دن کے لئے روک دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے درآمد ہونے والے سامان پر عائد ٹیرف کو 90 دن کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یادرہےیہ ٹیرف آج منگل سے نافذ ہونے والے تھے۔
ٹرمپ نے اس سلسلے میں ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے نتیجے میں اب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے کے لیے نومبر کے وسط تک مذاکرات کا موقع پیدا ہو گیا ہے
یہ پیش رفت اس ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے جو گزشتہ ماہ جولائی میں اسٹاک ہوم میں امریکی اور چینی حکام کے درمیان ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں تجارتی امور پر ابتدائی بات چیت کی گئی تھی۔ ٹرمپ نے اس سے ایک روز قبل، اتوار کو، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ چین امریکی سویا بین کے آرڈرز کو فوری طور پر چار گنا بڑھا دے۔ ان کے مطابق یہ قدم امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی خسارے کو نمایاں طور پر کم کرنے کا ذریعہ ہو سکتا ہے۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں کہ چین نے سویا بین کی خریداری بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی ہے یا نہیں۔اگر ڈیڈ لائن آگے نہ بڑھتی تو چین پر وہی ٹیرف لاگو ہو جاتا جو اپریل میں اعلان کیا گیا تھا، جب دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان ٹیرف جنگ شروع ہوئی تھی۔

