واشنگٹن: امریکا نے وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر انعام کی رقم کو دوگنا کر کے 50 ملین ڈالر (تقریباً 5 کروڑ ڈالر) کر دیا ہے۔ امریکی حکام نے مادورو کو دنیا کے سب سے بڑے منشیات اسمگلروں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل نے ایک ویڈیو پیغام میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مادورو پر وینزویلا کے مجرمانہ گروہوں کے ساتھ مل کر امریکا میں منشیات اور تشدد پھیلانے کے الزامات ہیں۔ حکام کے مطابق، امریکی محکمہ انصاف نے مادورو سے منسلک 700 ملین ڈالر سے زائد کے اثاثے ضبط کیے ہیں، جن میں نجی طیارے اور گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
یہ انعامی رقم اس سے پہلے 25 ملین ڈالر تھی۔ امریکا نے مادورو پر 2020 میں منشیات سے متعلق کئی الزامات لگائے تھے، جن میں منشیات کی دہشت گردی اور کوکین اسمگلنگ کی سازش شامل ہے۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ نے اس اقدام کو "پروپیگنڈا” قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ مادورو حال ہی میں تیسری مدت کے لیے دوبارہ صدر منتخب ہوئے ہیں، تاہم امریکا سمیت کئی ممالک نے ان انتخابات کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

