ویب ڈیسک :اقوام متحدہ کاکہنا ہے کہ پاکستان نے ملک چھوڑنے کی ڈیڈلائن کے تحت رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بھی اُن کے وطن واپس بھیجنے کے سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس مہم کے دوران ممکنہ طور پر دس لاکھ افغان مہاجرین کو اُن کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ آرڈر میں کہا گیا ہے قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو رضاکارانہ طور پر واپس بھیجنے کی کارروائی شروع کی جائے۔ اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ باضابطہ بے دخلی کی کارروائی ڈیڈلائن گزر جانے کے بعد شروع کی جائے گی۔
دوسری طرف اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم سے چار اگست کے درمیان سینکڑوں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو گرفتار کر کے واپس اُن کے ملک بھیجا گیا ہے۔
پاکستان میں اس وقت 13 لاکھ افغان مہاجرین کے پاس ’پروف آف رجسٹریشن کارڈز‘ ہیں جبکہ سات لاکھ 50 ہزار ایسے مہاجرین ہیں جن کے پاس رجسٹریشن دستاویز کے طور پر ’افغان سٹیزن کارڈز‘ ہیں۔