یوم شہداء پنجاب پولیس کے موقع پر الحمرا ہال لاہور میں شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، پولیس اہلکار، شہداء کے اہل خانہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جسے لاہور پولیس کے آرکسٹرا نے پیش کیا۔ پنجاب پولیس کے بینڈ نے شہداء کے اہل خانہ کو سلامی دی، جبکہ مقررین نے پولیس کے بہادر شہداء کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں یاد کیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے 26 شہداء کے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں میں جدید لیپ ٹاپ تقسیم کیے تاکہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم بہتر انداز میں مکمل کر سکیں۔ اس کے علاوہ 2017ء سے قبل کے شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس کے ملکیتی حقوق کے کاغذات بھی پیش کیے گئے۔
تقریب میں شوبز سے سہیل احمد عزیزی اور افتخار ٹھاکر سمیت ممتاز شخصیات بھی شریک ہوئیں، جنہوں نے پولیس شہداء کی قربانیوں کو قوم کا سرمایہ قرار دیا۔

