پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فیصلہ کن معرکہ 13 رنز سے جیت کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ یہ کامیابی امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈر ہل میں حاصل ہوئی، جہاں کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم نے دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث اور فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو شامل کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز اور صاحبزادہ فرحان نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹسمینوں میں حسن نواز نے 15، فہیم اشرف نے 10، خوشدل شاہ نے 11 اور حارث نے 2 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 176 رنز بنا سکی اور 13 رنز سے شکست کھا گئی۔ آغاز میں بہتر بیٹنگ کے باوجود اختتامی اوورز میں رنز کی رفتار سست ہو گئی، جبکہ پاکستانی اسپنرز نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
اس فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کا اعتماد بلند ہے اور اب وہ ٹرینیڈاڈ میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے روانہ ہوگی۔ شائقین کو امید ہے کہ ٹیم یہی فارم ایشیا کپ میں بھی برقرار رکھے گی۔

