ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے فائنل میں پاکستان چیمپئنز کی شکست کے بعد بھارت کے سابق کرکٹر سریش رائنا نے ایک بار پھر پاکستان مخالف بیان بازی شروع کر دی۔
پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی، لیکن رائنا نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر طنزیہ تبصرے کیے اور جنوبی افریقہ کے بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کی سنچری کا حوالہ دے کر اپنی مخالفت کو چھپانے کی کوشش کی۔
رائنا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر بھارت اور پاکستان کا آمنا سامنا ہوتا تو بھارت “آسانی سے جیت جاتا”، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت چیمپئنز صرف ایک میچ جیت کر سیمی فائنل تک پہنچے اور وہاں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے گریز کیا۔
عالمی شائقین نے دیکھا کہ بھارت کی ٹیم نے گروپ میچ اور سیمی فائنل دونوں مواقع پر پاکستان کا سامنا کرنے سے انکار کیا، سیاسی وجوہات کو بہانہ بنایا، جبکہ ان کے کئی کھلاڑی کھیلنے کے خواہشمند تھے۔
مزید یہ کہ رائنا نے EaseMyTrip کے شریک بانی نشانت پٹی کی بھی تعریف کی، جنہوں نے گرین شرٹس کی موجودگی کی وجہ سے فائنل میچ کی اسپانسرشپ واپس لے لی تھی۔ یہ اعلان 30 جولائی کو کیا گیا تھا، جس کے مطابق وہ 31 جولائی کو برمنگھم میں ہونے والے بھارت بمقابلہ پاکستان سیمی فائنل کے اسپانسر نہیں ہوں گے۔

