کمبوڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرے گا، یہ فیصلہ تھائی لینڈ کے ساتھ سرحدی کشیدگی کم کرنے میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹرمپ نے امن کے فروغ، تجارتی سہولتوں میں رعایت اور برآمدی ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے ملبوسات اور جوتوں کی صنعت پر عائد ٹیکس کو 49 فیصد سے گھٹا کر 19 فیصد کرنے کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
یاد رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی حالیہ کشیدگی میں 43 افراد جاں بحق اور 3 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے تھے۔ اس دوران ٹرمپ نے دونوں ممالک کی قیادت سے براہِ راست رابطہ کیا اور تجارتی تعلقات کو امن کے قیام سے مشروط کر دیا۔
بعد ازاں، ملائیشیا میں ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک غیر مشروط جنگ بندی پر متفق ہوئے، جس میں تھائی لینڈ، کمبوڈیا اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم کے علاوہ امریکا اور چین کے سفرا بھی شریک تھے۔
اس سے قبل پاکستان اور اسرائیل بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

