محبوب آباد (تلنگانہ)
بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں واقع ایک سرکاری قبائلی بہبود (Tribal Welfare) ویمنز ڈگری کالج کے ہاسٹل میں اس وقت شدید سنسنی پھیل گئی جب باتھ روم سے ایک نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ابتدائی تفصیلات کے مطابق کالج ہاسٹل میں مقیم ایک 19 سالہ طالبہ نے بدھ کے روز مبینہ طور پر اپنا حمل چھپائے رکھنے کے بعد ہاسٹل کے باتھ روم میں بچے کو جنم دیا۔ پیدائش کے کچھ ہی دیر بعد نومولود کی موت واقع ہو گئی۔ واقعے کا علم ہونے پر کالج انتظامیہ اور اساتذہ نے ہاسٹل کی طالبات سے پوچھ گچھ کی، جس کے دوران متاثرہ طالبہ نے حقیقت کا اعتراف کر لیا۔اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا، جبکہ طالبہ کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق طالبہ کے ابتدائی بیان کی روشنی میں واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور متعلقہ دفعات (بشمول پوکسو ایکٹ) کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


