اسلام آباد (محمد شبیر)\

پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے، جہاں پہلا پاکستانی خلاباز بدھ 25 نومبر 2026 کو چین کے خلائی مشن شین ژو 24 (Shenzhou-24) کے ذریعے خلا کا سفر کرے گا۔
پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی چین کے شمال مغربی علاقے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف (Long March-2F) راکٹ کے ذریعے روانہ ہوں گے اور چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ (Tiangong) کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن جائیں گے۔ مشن کی روانگی بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 8:18 جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5:18 بجے متوقع ہے۔
سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) کے مطابق محمد ذیشان علی اس تین رکنی مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ (سائنسی ماہر) خدمات انجام دیں گے، جن کے ہمراہ چینی کمانڈر تانگ ہونگ بو اور فلائٹ انجینئر وو یی شامل ہوں گے۔ اس مشن کے لیے بیک اپ امیدوار کے طور پر خرم داؤد بھی تربیتی عمل میں شامل رہے ہیں۔
مشن سے قبل میڈیا بریفنگ میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں اور یہ سفر ملک کے خلائی پروگرام کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ سپارکو کے مطابق پاکستانی خلاباز تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات سے متعلق امور انجام دیں گے اور بعد ازاں شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان سیٹلائٹ تعاون سے آگے بڑھ کر انسانی خلائی پروازوں اور سائنسی تحقیق کے نئے باب کا آغاز کرے گا۔


