کیلے فورنیا :صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ کے بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ جینسن ہوانگ کو فوری طور پر دوبارہ کمپنی کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) مقرر کر رہی ہے۔
یہ فیصلہ جینسن کے مبینہ غیر ازدواجی تعلقات، جن میں چین کی ایک مبینہ جاسوس خاتون سے تعلق بھی شامل ہے، کے انکشافات کے بعد سامنے آیا۔
پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں این ویڈیا کے حصص کی قیمت میں 31 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
جینسن کی واپسی کا فیصلہ کمپنی کے ملازمین، حصص یافتگان اور کاروباری شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا (NVIDIA) کی جانب سے جینسن ہوانگ کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی واپسی سے امریکی قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
ٹرتھ سوشل پر اپنے ایک بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے این ویڈیا کے اس اقدام کو "درست اور مناسب فیصلہ” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف کمپنی بلکہ امریکی معیشت کی کامیابی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے ملک کو این ویڈیا میں جینسن ہوانگ کی قیادت کی ضرورت ہے۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے پاس یہ ماننے کی کوئی وجہ موجود نہیں ہے کہ جینسن ہوانگ کی این ویڈیا میں واپسی سے قومی سلامتی کو کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ نے بھی گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ جینسن کو دوبارہ کمپنی کی سربراہی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔جبکہ این ویڈیا کے چیئرمین ہاروی جونز نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ جینسن کی واپسی کے لیے بڑھتی ہوئی مہم کے باوجود کمپنی انہیں دوبارہ ملازمت نہیں دے گی۔
جینسن نے این ویڈیا کو ویڈیو گیمز کے لیے چِپس بنانے والی کمپنی سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے پروسیسرز فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی بنا دیا۔
کمپنی کے چپس کی تیاری کے منصوبوں، بڑے صارفین کے ساتھ تعلقات اور واشنگٹن کے ساتھ روابط میں ان کا مرکزی کردار رہا ہے۔
جینسن نے 12 نومبر کو غیر ازدواجی تعلقات کے انکشافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان میں ایک کاروباری خاتون کے ساتھ تعلق بھی شامل تھا، جس پر امریکی حکام کو شبہ ہے کہ وہ چین کے لیے جاسوسی کرتی رہی ہیں۔ چین نے اس الزام کو مسترد کیا ہے۔
ان کی علیحدگی کے اثرات سلیکون ویلی سے تائی پے اور واشنگٹن تک محسوس کیے گئے۔
انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کرنے کے مطالبے پر شروع کی گئی آن لائن درخواست پر ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد نے دستخط کیے، جن میں ایلون مسک بھی شامل تھے۔ یہ حمایت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب وہ تنازعات کے باعث عہدہ چھوڑ چکے تھے۔
کمپنی کے بورڈ کا جینسن کو واپس لانے کا فیصلہ این ویڈیا پر ان کے گہرے اثر و رسوخ کو ظاہر کرتا ہے اور اس سوال کو بھی جنم دیتا ہے کہ دنیا کی قیمتی ترین کمپنیوں میں شامل یہ ادارہ اپنے شریک بانی پر کس حد تک انحصار کرتا ہے۔این ویڈیا کے بورڈ نے پیر کو کہا کہ وہ جینسن کی صاف گوئی اور قیادت کی صلاحیتوں سے مطمئن ہے۔
بورڈ کے مطابق امریکی حکومت کے اعلیٰ حکام سے رائے لینے کے بعد اسے ان کی واپسی سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نظر نہیں آیا۔
کمپنی نے کہا کہ کولیٹ کریس بدستور چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کے عہدے پر کام کرتی رہیں گی۔
’’صدر ٹرمپ نے یاری نبھا دی’’ جینسن ہوانگ دوبارہ اینویڈیا کے سی ای او مقرر


