چنیوٹ (فرحان بلال سے)
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول، ڈسٹرکٹ انسپیکشن ٹیم فار کمپلینٹس اور حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کارکردگی کے اہداف (KPIs) پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد، ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کی روک تھام، عوامی شکایات کے ازالے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مقرر کردہ کارکردگی اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت کی کہ عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ مقررہ سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں کی باقاعدہ اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی بڑھائیں اور گراں فروشی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ انسپیکشن ٹیم فار کمپلینٹس کی کارکردگی، عوامی شکایات کے ازالے اور متعلقہ محکموں کی جانب سے شکایات پر کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ موصول ہونے والی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، انسپیکشن کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ہر شکایت پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کے حل کو یقینی بنایا جائے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کے پی آئیز (KPIs) پر عملدرآمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف اور ٹائم لائنز کے مطابق پیش رفت یقینی بنائیں۔ کارکردگی میں بہتری، سرکاری امور کی مؤثر انجام دہی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور اہداف کے حصول میں تاخیر یا غفلت کا ذمہ دار متعلقہ افسر ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی ریلیف، گڈ گورننس، شفافیت اور سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ تمام افسران عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، لگن اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز واثق عباس ہرل، غزالہ یاسین، اسسٹنٹ کمشنرز شبانہ نذیر، تیمور عادل، حبیبہ بلال، ایس این اے سید مہتاب حسین، تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔


