لاہور/کراچی: پاکستان کی زرعی مشینری اور ٹریکٹر سازی کی سب سے بڑی کمپنی ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ (MTL)، جو ملت گروپ کا ذیلی ادارہ ہے، نے ملک کی الیکٹرک گاڑیوں (EV) کی مارکیٹ میں باضابطہ قدم رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے 29 نومبر کو الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور اسکوٹرز لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی انتظامیہ نے منگل کے روز سرمایہ کاروں کو دی جانے والی ایک کارپوریٹ بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایم ٹی ایل ابتدائی طور پر 5 مختلف ماڈلز کے ساتھ الیکٹرک ٹو وہیلر مارکیٹ میں اتر رہی ہے، جو جدید لیتھیم آئن بیٹریوں سے لیس ہوں گے۔
بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق، یہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور اسکوٹرز ایم ٹی ایل کے ذیلی ادارے ’ملت انڈسٹریل‘کے تحت تیار کیے جائیں گے، جس کی سالانہ پیداواری صلاحیت ڈھائی لاکھ) یونٹس رکھی گئی ہے۔
کمپنی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پلانٹ میں ان الیکٹرک سواریوں کی پیداوار کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے، جبکہ ملک بھر میں ان کی فروخت اور صارفین تک رسائی کے لیے ڈیلرز کا تقرر بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کی ٹریکٹر مارکیٹ میں تقریباً 65 فیصد حصہ رکھنے والی ملک کی سب سے بڑی کمپنی ملت ٹریکٹرز نے سستی اور پائیدار الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر اپنے کاروبار کو روایتی زرعی شعبے سے آگے بڑھانے کا اسٹریٹجک فیصلہ کیا ہے۔
معاشی اور آٹو سیکٹر کے تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک طرف پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام صارفین کی قوتِ خرید کو شدید متاثر کیا ہے، تو دوسری جانب حکومت بھی ملک میں ماحول دوست اور کم لاگت الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے پالیسی اقدامات کر رہی ہے۔ ملت گروپ کی اس شعبے میں شمولیت سے مقامی ای وی مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی اور صارفین کو معیاری متبادل میسر آ سکے گا۔
ٹریکٹرز کے بعد اب ای وی (EV) مارکیٹ میں بڑی انٹری؛ ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ 5 جدید ماڈلز پر مشتمل الیکٹرک موٹر سائیکلیں، اسکوٹرز لانچ کرے گا


