پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )

پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے علاقے 19 ای بی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر جنات کے سائے کے شبہ میں اپنے ہی 13 سالہ بیٹے کو سر پر سریا مار کر قتل کر دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور غم و غصے کی فضا پھیل گئی ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر عارف والا کے علاقے 19 ای بی میں نذیر نامی شخص نے مبینہ طور پر اپنے 13 سالہ بیٹے عبداللہ کے سر پر سریا مارا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ڈی پی او پاکپتن جاوید چدھڑ کے نوٹس پر تھانہ صدر عارف والا پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزم باپ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے مقتول بچے کی والدہ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔ڈی پی او پاکپتن جاوید چدھڑ کا کہنا ہے کہ اپنے ہی بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔


