اسلام آباد (محمد شبیر، بے نقاب نیوز)

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے؛ عوامی رائے لی جانی چاہیے اور اگر عوام کی رائے ہو تو صوبے بننے چاہئیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ گوجرانوالہ ان کا آبائی شہر ہے اور انہوں نے ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی دعوت پر وہاں کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران وہاں کوئی امیدوار موجود نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کی دعوت الیکشن شیڈول سے پہلے آئی تھی، تاہم ہم نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معذرت کر لی ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر عوامی رائے یہ آتی ہے کہ صوبے بننے چاہئیں تو بنا دیں، اور اگر عوامی رائے آتی ہے کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو نہ بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی رائے کا راستہ ہموار کیا جائے اور عوامی رائے کے مطابق فیصلے ہوں، کیونکہ ریفرنڈم کرانے میں کیا حرج ہے، کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز صدرِ مملکت سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، جس میں معاملات پر بات کرنے اور افہام و تفہیم سے آگے بڑھنے پر بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم سے متعلق آئینی شق واضح ہے اور کسی بھی قومی اہمیت کے ایشو پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ عوامی رائے بھی طلب کی جائے گی، عوامی رائے آنی چاہیے، عوامی رائے تو آنی ہے، اور عوامی رائے آنے کے بعد دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔


