عمرکوٹ (رپورٹ: بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی)

ہیٹی میں بھوک اور شدید غذائی قلت کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، جہاں تقریباً 63 لاکھ 50 ہزار افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ قریباً 20 لاکھ افراد کو ہنگامی سطح پر بھوک کا خطرہ لاحق ہے۔ مسلح گروہوں کے بڑھتے ہوئے تشدد، خشک سالی اور لاکھوں افراد کی بے گھری نے صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان نے ہیٹی کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری، مؤثر اور مربوط انسانی امداد کا مطالبہ کیا۔
رانا بشارت علی خان نے کہا کہ ہیٹی میں لاکھوں افراد کو درپیش غذائی بحران محض خوراک کی کمی یا معاشی مسائل تک محدود نہیں بلکہ انسانی زندگی، وقار اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کا بڑا مسئلہ ہے۔ ان کے مطابق ہیٹی کی تقریباً 57 فیصد آبادی شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر سکتی ہے، جبکہ مسلح تشدد کے باعث 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور خشک سالی نے متاثرہ علاقوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غذائی قلت کے نتیجے میں بچوں، خواتین، بزرگوں اور بے گھر خاندانوں کو بھوک، بیماری اور عدم تحفظ کے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پانچ سال سے کم عمر تقریباً 2 لاکھ 54 ہزار بچے غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہیں، جن میں سے قریباً 94 ہزار بچوں کو شدید غذائی قلت لاحق ہو سکتی ہے۔
چیئرمین انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ نے کہا کہ بھوک کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع کسی طور قابلِ قبول نہیں۔ خوراک تک رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ آبادی کو تنہا نہ چھوڑے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک، صاف پانی، ادویات اور طبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے محفوظ راستے فراہم کیے جائیں۔
رانا بشارت علی خان نے زور دیا کہ مسلح گروہوں کو شہری آبادی پر حملوں، زرعی زمینوں پر قبضے اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، جبکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرا کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے فوری مالی وسائل، ہنگامی غذائی امداد اور بے گھر خاندانوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے، کیونکہ امداد میں کسی بھی کمی سے لاکھوں متاثرہ افراد کے خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھوک کو انسانی زندگی کا معمول نہیں سمجھا جا سکتا اور ہیٹی کے عوام کو بھوک، تشدد اور بے گھری سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔


