لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر ایک وزیر کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج کل روز ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے، لیکن جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف تبصرہ کر دیا تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا، میں ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر کے ساتھ سن رہا ہوں۔
جیو نیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک وزیر روز ٹی وی پر آنے کے لیے ان کے خلاف بیانات اور تبصرے دے رہا ہے، اس ضمن میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے اس رویے اور تبصروں کو صبر کے ساتھ سنتے آ رہے ہیں، تاہم اگر انہوں نے جوابی تبصرہ کیا تو متعلقہ وزیر کے لیے منہ چھپانا مشکل ہو جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کاروباری برادری پر کی جانے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جن بزنس مینوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں، جو وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور اور عہدیدار رہ چکے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ وہی کاروباری شخصیات ہیں جو ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شمار ہوتی ہیں، اس دوران انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر وہ بزنس مین اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لیے جاتے ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں نادرا سینٹر پیکو روڈ کا دورہ کیا اور شناختی کارڈز سمیت دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سینٹر میں تقریباً دو گھنٹے گزارے اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ بعض شہریوں کی دستاویزات کی تیاری کا عمل بھی اپنے سامنے مکمل کروایا۔ اس موقع پر سینٹر میں موجود مرد و خواتین نے نادرا کے جدید طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں محض 10 سے 15 منٹ میں باری مل گئی جبکہ دو سال قبل انہیں دو دو گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا۔ محسن نقوی نے غیر معمولی رش کے باوجود بہترین انتظامات پر سینٹر انچارج اور عملے کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ سائلین کی ہر مرحلے پر مکمل رہنمائی کی جائے تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں، کیونکہ عوام کو تیز رفتار اور معیاری خدمات کی فراہمی حکومت کا اولین مشن ہے۔
ایک وزیر ٹی وی پر آنے کیلئے روزانہ مجھ پر تبصرے کررہاہے جس دن میں نے کیا اس دن منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا، محسن نقوی وفاقی وزیر داخلہ


