واشنگٹن / سیئول (ویب ڈیسک)
معروف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل (The Wall Street Journal) نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابطہ قائم کرنے اور ملاقات کی متعدد کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے 2025 سے اب تک سرکاری سفارتی ذرائع اور ٹیلی فون لائنز کے ذریعے پیانگ یانگ سے رابطے کی بارہا کوشش کی، تاہم شمالی کوریائی قیادت نے کسی بھی قسم کا مثبت جواب دینے سے گریز کیا۔
اخبار نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ رابطوں میں تعطل توڑنے کے لیے صدر ٹرمپ نے کم جونگ اُن کے نام ایک ذاتی خط بھی تحریر کیا تھا۔ امریکی حکام نے یہ خط نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر شمالی کوریا کے مشن سے وابستہ ایک سفارتکار کے حوالے کیا، تاہم شمالی کوریائی سفارتکار نے اقوام متحدہ کے ایک اجلاس کے دوران وہ خط کھولے بغیر امریکی نمائندے کے سامنے زمین پر پھینک دیا، جس کے باعث یہ پیغام کم جونگ اُن تک نہ پہنچ سکا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے رواں ہفتے اپنے دورۂ ایشیا کے دوران، بالخصوص چین میں ایپک سربراہی کانفرنس کے موقع پر، کم جونگ اُن سے بالمشافہ ملاقات کی امید ظاہر کی تھی، لیکن یہ تازہ کوشش بھی بارآور ثابت نہ ہو سکی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ملاقات کے لیے ایسی کڑی شرائط عائد کیں جنہیں واشنگٹن کے لیے تسلیم کرنا ممکن نہیں تھا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے مذاکرات کی بحالی کے لیے غیر معمولی لچک دکھاتے ہوئے شمالی کوریا میں امریکی رابطہ دفاتر کھولنے، کوریائی جنگ کے باضابطہ خاتمے کا اعلان کرنے اور جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے بجائے محض جوہری پروگرام کو محدود رکھنے پر مبنی بیان جاری کرنے جیسے آپشنز پر بھی غور کیا تھا، تاہم پیانگ یانگ کی جانب سے کوئی لچک نہ دکھائی گئی۔
دفاعی و سفارتی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ روس کے ساتھ بڑھتے ہوئے دفاعی و عسکری تعاون اور اپنے جوہری ذخائر میں اضافے کے باعث کم جونگ اُن اس وقت امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتے۔


