پیرس / دی ہیگ (ویب ڈیسک)
میانمار کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسل کشی سے متعلق عالمی عدالتِ انصاف (ICJ) کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کے بعد فرانس نے معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے مطابق عالمی عدالتِ انصاف کے فیصلے حتمی اور فریقین پر لازم ہوتے ہیں، جن پر بین الاقوامی قانون کے تحت مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اگر کوئی فریق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرے تو سلامتی کونسل اس پر عمل کرانے کے لیے اقدامات کر سکتی ہے۔ 19 نومبر 2026ء کو گیمبیا کی جانب سے دائر مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عالمی عدالتِ انصاف نے قرار دیا کہ میانمار نے روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنے کی نیت سے نسل کشی کے اقدامات کیے۔عدالت نے روہنگیا کو نسل کشی کنونشن کے تحت محفوظ ایک الگ نسلی گروہ تسلیم کیا۔
متاثرین کے لیے انصاف، ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور بے گھر افراد کی محفوظ و باعزت واپسی کا مطالبہ تیز ہو گیا ہے۔سفارتی حلقوں کے مطابق سلامتی کونسل میں کسی بھی سخت قرارداد کی منظوری آسان نہیں ہوگی کیونکہ مستقل ارکان روس اور چین کے ویٹو کا امکان موجود ہے، تاہم فرانس کی اس پیش قدمی نے معاملے کو دوبارہ عالمی سفارتی ایجنڈے کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔


